Sunday, February 20, 2011

بلوچستان میں صحافیوں کا قتل عام، عالمی میڈیا تنظیمیں حقائق معلوم کرنے کیلئے مشن بھیجیں۔ پی ایف یو جے



بلوچستان میں صحافیوں کا قتل عام، عالمی میڈیا تنظیمیں حقائق معلوم کرنے کیلئے مشن بھیجیں۔ پی ایف یو جے


اسلام آباد فروری 20 : پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے بلوچستان میں پراسرانداز میں ایک اور صحافی آبدوست رند کے پر اسرار قتل پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے عالمی میڈیا تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں صحافیوں کے قتل عام کی صحیح اور حقائق پر مبنی معلومات حاصل کرنے کیلئے مشن بھیجیں۔

پی ایف یو جے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، 27سالہ آبدوست رند تربت کے نہایت چاک و چوبند صحافی تھے۔ ان کا تعلق تحصیل ٹمپ سے تھا۔ وہ سات سال قبل صحافت کے شعبہ سے وابستہ ہوئے تھے۔

وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ کچھ نامعلوم حملہ آور موٹرسائیکل پر آئے اور انہوں نے آتے ہی آبدوست رند پر اندھا دھند فائرنگ کر کے انہیں موقع پر ہی قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

آبدوست رند آجکل بلوچستان کے اردو اخبار روزنامہ ’’ایگل‘‘ کے ساتھ وابستہ تھے مگر اخبار کی انتظامیہ انہیں کبھی کبھار ہی تنخواہ دیتی تھی۔ آبدوست رند کے سوگواران میں ان کا ایک بڑا بھائی اور بوڑھے ماں باپ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آبدوست کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا عداوت نہیں تھی۔ انہیں صرف ان کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کی وجہ سے ہی قتل کیا گیا ہے۔

پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل شمس الاسلام ناز نے آبدوست رند کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں پر عرصہ حیات نہایت ہی تنگ ہے۔ عالمی تنظیموں جن میں کمیٹی فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس، رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈر، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس شامل ہیں بلوچستان کو صحافی برادری کیلئے خطرناک زون قرار دے چکی ہیں مگر اس کے باوجود پاکستانی حکومت اور میڈیا مالکان نے صحافت سے وابستہ افراد کی حفاظت کیلئے کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں کئے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے قتل، اغواء اور تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باوجود، میڈیا سے وابستہ افراد جو بلوچستان کے مختلف حصوں میں اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے ادا کر رہے ہیں انہیں کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا جو حکومت اور میڈیا مالکان کا اولین فرض ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ9/11 کے بعد پاکستان صحافیوں کیلئے دنیا کا ایک خطرناک ترین ملک بن چکا ہے اور یہاں صحافیوں کا قتل روز کا معمول بن گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو آبدوست رند کے قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور اس سلسلے میں فوری تحقیقات شروع کر کے اس قتل میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے تاکہ صحافیوں کے تشدد، اغواء اور قتل کے واقعات کی پوری طرح روک تھام ہوسکے اور شرپسند عناصر کو یہ پیغام مل سکے کہ وہ زیادہ دیر تک آزاد نہیں گھوم سکتے۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی 2010کی رپورٹ کے مطابق، دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے دوران 97صحافی قتل ہوئے جن میں 15صحافی پاکستان کے اندر جبکہ ان میں سے 6صحافی صرف بلوچستان میں قتل ہوئے۔

پی ایف یو جے عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ پی ایف یو جے کی کال پر لبیک کہتے ہوئے حکومت اور میڈیامالکان کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ وہ صحافیوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کرنے پر مجبور ہوجائیں۔


شمس الاسلام ناز
سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے
0300-8665523, 0321-8665523


Shamsul Islam Naz
Secretary General
PAKISTAN FEDERAL UNION OF JOURNALISTS
Cellular +92(0)300 8665523

+92(0)321 8665523
http://www.shamsulislamnaz.com
http://www.pfuj.pk

http://www.facebook.com/shamsul.naz
http://shamsulisalmnaz.blogspot.com/?spref=gb

http://pk.linkedin.com/pub/shamsul-islam-naz/1b/312/711
http://twitter.com/Shamsulislmpfuj

No comments:

Post a Comment